ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں تعلقہ انتظامیہ کے زیر اہتمام پولس بندوبست کے ساتھ ٹیپو سلطان جینتی پروگرام

بھٹکل میں تعلقہ انتظامیہ کے زیر اہتمام پولس بندوبست کے ساتھ ٹیپو سلطان جینتی پروگرام

Thu, 10 Nov 2016 19:36:48    S.O. News Service

بھٹکل:10/نومبر (ایس او نیوز)  شیر میسور حضرت ٹیپو سلطان ؒ کی جینتی زبردست پولس بندوبست کے درمیان تعلقہ انتظامیہ کے زیرا ہتمام اربن بینک ہال میں منائی گئی ۔

تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک نے پروگرام کا افتتاح کیا۔ انجمن ڈگری کالج بھٹکل کے موظف پرنسپال ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 17ویں صدی کے سیاسی نظام کو 21ویں صدی میں تجزیہ کرکے صحیح اور غلط کہنا افسوس ناک ہے۔ 17ویں صدی میں قومی شعور نہیں تھا اور راجاؤں کی حکومت میں کوئی بھی مذہبی تعصب بھی نہیں تھا،شرنگیری مٹھ پر مراٹھا کے حملے اس کی طرف واضح اشارہ کرتے ہیں۔ ٹیپو سلطان کے محل کے پاس پڑوس میں ہی مساجد، منادر تھے، 156مندروں کو عطیہ جات دینے والے ٹیپو سلطان ایک سماجی مصلح بھی تھے۔ آج جس نینو ٹکنالوجی کی تکنک اس زمانے کے ٹیپو کی تلوار میں تھی۔ انگریزوں کے خلاف پہلی مرتبہ ٹیپو نے ہی راکٹ کا استعمال کیا تھا۔ اس طرح کی  کئی ایک مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ ٹیپو سلطان ایک سائنس دان بھی تھا۔ ٹیپو سلطان کو اپنا سب بڑا حریف سمجھنے والے انگریزوں کی لکھی ہوئی تاریخ کو لے کر ٹیپو کی وطن نوازی کو نظر انداز کیا جارہاہے، اسی طرح تہذیب و ثقافت کو بھی برباد کرنے کاکام ہورہاہے۔

 ڈاکٹر محمد حنیف شبا بؔ نے ٹیپو سلطان کی حکومت کے انتظام و انصرام  پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ٹیپو ہندوستان کی تاریخ کا ایک درخشندہ ستارہ ہے۔ وہ ایک جری سپاہی اور دانش مندسپہ سالار تھے۔ علامہ اقبال نے انہیں مرد مومن کے طورپر یا دکیا ہے۔ اپنی ریاست میں عوامی فلاح اور عوامی مفاد کے لئے جو اقدامات کئے وہ اس کی عوام دوستی کو واضح کرتی ہے۔ صنعت و حرفت اور دیگر فنون کی جو ترقی ٹیپو کے دور میں ترقی ہوئی ہے اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔ ٹیپو نے انگریزوں کے غاصبانہ قبضہ کو روکنے کے لئے سب سے پہلا بگل بجایا تھا۔ جنگ آزادی کا بنیاد ی پتھر انہوں نے ہی رکھا تھا۔ زراعتی میدان میں انہوںنے بہتر سے بہتر منصوبہ جات کو تشکیل دے کر عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے عوام کو جاگیردارانہ نظام سے نجات دلائی ۔ اسی طرح فوج کو مضبوط و مستحکم کیا ۔ فارسی کے ساتھ کنڑا زبان کو بھی انہوں نے فروغ دیا تھا۔ اپنی حکومت میں تمام مذاہب کو ساتھ لے کر ان کی فلاح وبہبودی کے لئے ساری زندگی تگ و دو کرنےو الے ٹیپو اس مٹی کے مایہ ناز سپوت ہیں، انہیں انگریزوں کی لکھی ہوئی تاریخ کے حوالے سے بدنام کیا جارہاہے، جو قطعی صحیح نہیں ہے۔ ڈاکٹر فاروقی نے ٹیپو سلطان کی  مذہبی رواداری پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹانے پروگرام کی صدارت کی۔ جالی پٹن پنچایت صدر عبدالرحیم شیخ، تعلقہ پنچایت نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا و غیرہ موجود تھے۔ تحصیلدار وی این باڈکر نے استقبال کیا۔ تعلقہ پنچایت افسر سی ٹی نائک نے شکریہ اداکیا۔ گریڈ 2تحصیلدار ڈی جی ہیگڈے نے نظامت کی۔


Share: